ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک اہل سنت و الجماعت کے وفد کا دورہ ڈی جے ہلی و کے جی ہلی۔ فائرنگ میں مارے گئے نوجوانوں کے اہل خاندان کو امداد پیش

کرناٹک اہل سنت و الجماعت کے وفد کا دورہ ڈی جے ہلی و کے جی ہلی۔ فائرنگ میں مارے گئے نوجوانوں کے اہل خاندان کو امداد پیش

Mon, 24 Aug 2020 11:25:02    S.O. News Service

بنگلورو،24؍اگست(ایس او  نیوز)بروز اتوار جماعت اہل سنت والجماعت کرناٹکا کے ایک وفدنے بنگلور کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی کے فساد زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس حادثہ میں جن چار بے گناہ نوجوانوں کی پولیس فائرنگ میں ہلاکت ہوئی، ان کے گھروں تک پہنچ کر ان کے وارثین سے ملاقات کی اور مہلوکین کے لیے دعاء مغفرت کی۔جماعت کی جانب سے مہلوکین کے وارثین کو مالی امداد اور ان کے بچوں کو مفت تعلیم دلانے کا یقین دلایا۔

وفد نے کہا کہ ہم حکومت کرناٹک سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ جن بے گناہ نوجوانوں کو بے قصور حراست میں لیا گیا ہے انہیں باعزت فوری رہا کیا جائے اور اس پورے واقعہ کی غیر جانب دارانہ تحقیق وتفتیش کرائے۔اس موقع پر جماعت کے صدر مولانا سید تنویر ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ دنوں بنگلور میں نوین نامی بے ہودہ شخص نے سوشیل میڈیا پر شانِ رسالت مآب ؐمیں جو توہین آمیزپوسٹ ڈالاتھا، ہم صدرواراکین جماعت اہل سنت کرناٹکا اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس طرح کی بے ہودہ حرکت مسلمانان ہنداورملک کے امن پسند شہری ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی انہیں کسی بھی قوم کے مذہبی پیشوا کے مقام ومرتبے کے ساتھ کسی بھی طرح کی توہین وتذلیل قابل برداشت ہے اورنہ آئندہ اسے برداشت کیا جائے گا۔یہ دراصل ملک کے امن وامان اور برادران وطن کے مابین خوشگوار تعلقات کو بگاڑنے کی ایک ناپاک سازش ہے۔مسلمانوں کو چاہئے کہ اس طرح کے واقعات پر فوری جذباتی ردعمل نہ کریں اور ہرگز کبھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔بلکہ اپنے علمائے دین سے رائے مشورہ کرکے قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے مناسب ومعقول اقدام کریں۔مولانا سید محمدتنویر ہاشمی کی سرپرستی اور مفتی محمدعلی قاضی جنرل سکریٹری کی قیادت میں نائب صدر مولاناقاضی سید شمس الدین برکاتی اور جوائنٹ سکریٹری مولانا محمدنیاز عالم قادری،مولانا سید عبدالحکیم ازہری، سکندر قادری، شبیر احمد،سیدذبیح اللہ، سلیم قریشی، ڈاکٹرعبدالقادروغیرہ نے فسادزدہ علاقوں کا دورہ کیااور مہلوکین کے وارثین سے ملاقات کی۔


Share: